ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے رابطہ کاری کے حوالے سے کہا ہے کہ ترکیہ یورپ، بحیرہ اسود، قفقاز اور وسطی ایشیا کے لیے ایک مشترکہ اور اہم مرکز کے طور پر نمایاں ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’اس خطے میں ترکیہ کے مرکزی کردار کو یقیناً ہر کوئی تسلیم کرتا ہے۔ ہمیں اپنے کردار کے مطابق ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نہ صرف حل پیش کرنے چاہئیں بلکہ ان حلوں کی قیادت بھی کرنی چاہیے۔‘‘
ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے یہ بات یورپی یونین کی خارجہ امور کونسل کے اجلاس کے تحت بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں منعقدہ بین الاعلاقائی سلامتی اور رابطہ کاری سے متعلق دوسری وزارتی کانفرنس کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
فیدان نے اس اجلاس کو موضوع اور نتائج کے اعتبار سے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ رابطہ کاری کے حوالے سے صرف حکمت عملی تیار کرنا کافی نہیں بلکہ اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ قفقاز اور وسطی ایشیا کے ممالک کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ ان خطوں اور ان سے آگے رابطہ کاری کو کس طرح مؤثر بنایا جا سکتا ہے، جبکہ تجارت، توانائی اور ڈیٹا کی منتقلی کو مزید تیز، مؤثر اور بلا تعطل کیسے یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
فیدان کے مطابق آبنائے ہرمز، آبنائے باب المندب اور بحیرہ اسود میں جنگوں اور بحرانوں کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے رابطہ کاری کے نظام کو بہتر بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
انہوں نے زور دیا کہ ترکیہ یورپ، بحیرہ اسود، قفقاز اور وسطی راہداری کے ذریعے وسطی ایشیا تک رسائی کے حوالے سے ایک اہم مشترکہ مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
فیدان نے کہا:’’اس حوالے سے ترکیہ کے مرکزی کردار کو ہر کوئی تسلیم کرتا ہے۔ ہمیں اس کردار کے مطابق ذمہ داری قبول کرتے ہوئے حل بھی پیش کرنے ہیں اور ان کی قیادت بھی کرنی ہے۔ آج ہم نے درحقیقت یہی کام کیا اور اسی لیے یہ اجلاس انتہائی بروقت اور مناسب تھا۔‘‘
فیدان نے بتایا کہ اجلاس کے موقع پر انہوں نے یوکرین، جرمنی، لیتھوانیا، ڈنمارک، بلغاریہ، رومانیہ اور مالدووا کے حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے کہا:’’اس وقت بحیرہ اسود کے حوالے سے ہماری مسلسل سفارتی مشاورت جاری ہے۔ بالخصوص ہم اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ اناج کو دوبارہ عالمی منڈیوں تک کیسے پہنچایا جا سکتا ہے۔ ہم اس سلسلے میں یوکرین اور روس دونوں سے بات کر رہے ہیں۔ اس موضوع پر ہم نے اپنے یورپی شراکت داروں اور یوکرینی حکام سے بھی گفتگو کی ہے۔‘‘
روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات
وزیر خارجہ فیدان نے متحدہ عرب امارات میں روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے مذاکرات کے بعد کی صورتحال سے متعلق سوال کا بھی جواب دیا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ترکیہ بھی ماضی میں متعدد مرتبہ اسی طرز کے مذاکرات کی میزبانی کر چکا ہے اور تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ بات چیت کرتا رہا ہے۔
فیدان نے کہا:’’ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس معاملے کا بنیادی مسئلہ اب بھی حل نہیں ہوا۔ میں سب سے پہلے متعلقہ عوام اور حلقوں کو اس حقیقت سے آگاہ کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ روس، دونباس کے باقی ماندہ علاقے کا مطالبہ کر رہا ہے اور اسے اپنی سرحدوں کی حدود میں شامل مانتا ہے، جبکہ یوکرین اس علاقے کو اپنی سرزمین تصور کرتا ہے اور اسے روس کے حوالے کرنے کے لیے تیار نہیں۔
فیدان کے مطابق یہی تنازع جنگ کے جاری رہنے کی بنیادی وجہ ہے۔
انہوں نے کہا:’’روسی مؤقف کے مطابق تقریباً 11 سے 12 فیصد علاقہ باقی رہ گیا ہے، جبکہ یوکرینی مؤقف کے مطابق یہ حصہ تقریباً 18 فیصد ہے۔ اس علاقے کے علاوہ دیگر معاملات پر کسی حد تک بات چیت ہو رہی ہے۔‘‘
انہوں نے زور دیا کہ اگر امن معاہدہ طے پاتا ہے تو یہ واضح کرنا انتہائی ضروری ہوگا کہ روس اور یوکرین کے درمیان رابطہ لائن کہاں قائم ہوگی۔ اس پورے معاملے کا سب سے اہم پہلو دونباس کا تنازع ہے۔
فیدان نے کہا کہ دونوں ممالک کی جانب سے سکیورٹی ضمانتوں کے مطالبات بھی ایک اہم مسئلہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والا امن صرف ان دونوں ممالک کے درمیان امن نہیں ہوگا بلکہ یہ یورپ اور روس کے درمیان بھی امن کی بنیاد بنے گا۔
ان کے مطابق یورپ اور روس کے درمیان مستقبل کے نئے سکیورٹی اور امن کے نظام پر کھل کر بحث کرنا ضروری ہے۔
فیدان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا:’’اب تک فریقین نے اس معاملے پر اپنے مؤقف اور ارادوں کو زیادہ واضح نہیں کیا تھا۔ وہ صرف مختلف تجاویز پیش کرتے رہے کہ ایسا ہونا چاہیے یا ویسا ہونا چاہیے۔ لیکن اب آہستہ آہستہ وقت آ رہا ہے کہ ان معاملات پر ٹھوس اور واضح انداز میں بات چیت کی جائے۔ یورپ کے نئے سکیورٹی نظام کیسا ہوگا؟ ایسا نظام جو روس اور یورپ کے درمیان تنازع کو مرکزی اہمیت دے اور اس تصادم کو روکنے کا مقصد رکھتا ہو؟‘‘
وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صدر رجب طیب ایردوان کو ان معاملات پر برسوں سے گہری توجہ دینے کے باعث وسیع تجربہ حاصل ہے اور ترکیہ تمام متعلقہ فریقوں کو مختلف تجاویز پیش کر رہا ہے۔
فیدان نے کہا:’’بنیادی طور پر کئی اہم مسائل حل طلب ہیں، جن میں رابطہ لائن کا تعین، دونباس کے مسئلے کا حل، اس کے بعد سکیورٹی ضمانتیں، یورپ اور روس کے درمیان نئے سکیورٹی نظام کی تشکیل، اور یقیناً یوکرین کی دوبارہ تعمیر کے دوران پابندیوں کا مستقبل اور روس کے منجمد اثاثوں کا معاملہ شامل ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ یہی وہ مسائل ہیں جو اس وقت زیرِ بحث معاہدے کے مندرجات اور مختلف شقوں کا حصہ ہیں۔
فیدان کے مطابق ان تمام معاملات پر ایسا اتفاقِ رائے پیدا کرنا جو تمام فریقوں کے لیے قابلِ قبول ہو، بلاشبہ ایک انتہائی مشکل کام ہے۔
بحیرہ اسود میں بحری آمدورفت کا تحفظ
وزیر خارجہ فیدان نے کہا کہ ان مذاکرات کے ساتھ ساتھ بحیرہ اسود میں بحری آمدورفت کی سلامتی کو یقینی بنانا بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ترکیہ اس بات پر کام کر رہا ہے کہ غریب اور ضرورت مند ممالک کو درکار گندم دوبارہ عالمی منڈیوں تک کیسے پہنچائی جا سکتی ہے۔ اس سلسلے میں ترکیہ نے بعض تجاویز بھی پیش کی ہیں۔
انہوں نے بتایا:’’آج ہم نے ان تجاویز کے بعض حصوں کو حتمی شکل بھی دے دی ہے، کیونکہ یہ معاملہ بحیرہ اسود کے ساحلی ممالک بلغاریہ اور رومانیہ سے بھی متعلق ہے۔ آج ہماری ملاقات بلغاریہ، رومانیہ اور یوکرین کے نمائندوں سے ہوئی۔ اس سے چند روز قبل ہم روسی حکام سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔‘‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکیہ کی جانب سے تیار کردہ منصوبہ کسی نتیجے تک پہنچے گا اور اس مسئلے کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
فیدان نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ معاملہ ہے کیونکہ روس مستقل امن معاہدے کے بغیر یوکرین کے ساتھ بحیرہ اسود میں کسی عارضی معاہدے پر آمادہ نہیں ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسی صورتحال میں، جہاں ایک فریق عارضی معاہدے کے لیے تیار نہیں، تمام فریقوں کے درمیان اتفاقِ رائے کی بنیاد کیسے قائم کی جا سکتی ہے؟
فیدان نے واضح کیا کہ ترکیہ کے پاس اس حوالے سے کچھ تجاویز اور خیالات موجود ہیں، تاہم انہیں فی الحال عوامی سطح پر پیش کرنا قبل از وقت ہوگا۔
انہوں نے کہا:’’ہم اپنی تجاویز سے متعلقہ فریقین کو آگاہی کرا رہے ہیں۔ ان شاء اللہ اگر مستقبل میں یہ تجاویز عملی شکل اختیار کر لیتی ہیں تو ہم انہیں عوام کے سامنے بھی پیش کریں گے۔‘‘






















