ہنگری کے وزیرِاعظم پیٹر میگیار نے ،ہنگری کی M3 موٹروے پر رات کے وقت پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں 12 افراد کی ہلاکت اور کم از کم 20 کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ایک بجے ہنگری کے شمال مشرقی علاقے 'میزوکیرستیش 'کے قریب پیش آیا۔ پولینڈ کی نمبر پلیٹ والی ایک سیاحتی بس، جس میں 57 مسافر اور دو ڈرائیور سوار تھے، سڑک سے پھسل کر کھائی میں جا گری اور الٹ گئی۔
میگیار نے فیس بک سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "ایم3 موٹروے پر رات کے وقت پولینڈ نمبر پلیٹ والی ایک بس سڑک سے پھسل کر کھائی میں جا گری۔ حادثے میں 12 افراد ہلاک اور کم از کم 20 شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ میں متاثرین کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘
ہنگامی امدادی ٹیموں نے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموںکو فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کیا اور اجتماعی زخمیوں سے نمٹنے کے ہنگامی پروٹوکول فوری طور پر نافذ کر دیے گئے ہیں۔
مقامی میڈیا ادارے 24.hu کے مطابق، مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے اتوار کو بتایا کہ فائر فائٹرز نے بس حادثے کے مقام سے 35 افراد کو بحفاظت نکال لیا، تاہم بعض مسافر اب بھی بس کے نیچے پھنسے ہوئے تھے۔



















